ملائیشیا کے وزیراعظم محمد نجیب عبدالرزاق کہا ہے کہ ان کا ملک فلسطینی عوام کی آزادی کے لیے جاری مسلح جدوجہد کی حمایت کرتا رہے گا۔ انہوں نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور عالمی برادری سے صہیونی جارحیت بند کرانے کا مطالبہ کیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ملائیشین وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار اسلامی تحریک مزاحمت "حماس" کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی ننگی جارحیت کی شدید مذمت کی اور معصوم شہریوں کے قتل عام کو بدترین جنگی جرم قرار دیا۔ نجیب عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ ان کا ملک مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی عوام کے ساتھ ہے اور اسرائیلی جارحیت کی ہر سطح پر مذمت کرتا رہے گا۔
ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے خالد مشعل
نے ملائیشین وزیراعظم پر زور دیا کہ وہ غزہ پر اسرائیلی حملے بند کرانے کے لیے عالمی برادری کی مدد سے صہیونی ریاست پر دباؤ ڈلوائیں اور مظلوم فلسطینی عوام کی مدد کریں۔
خالد مشعل نے ملائیشین وزیراعظم کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہار ہمدردی پر ان کا اور پوری ملائیشین قوم کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ کولالمپور فلسطینی قوم بالخصوص غزہ کے عوام کی مدد جاری رکھے گا۔
ادھر فلسطین۔ ملائیشیا ثفاقت لیگ"بیکوم" کے چیئرمین مسلم عمران ابوعمرنے کہا کہ ان کی تنظیم ملائیشیا میں دیگر اداروں کے ساتھ مل کر غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بربریت کے خلاف جلسے جلوسوں کا اہتمام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا نے غزہ کی پٹی میں جنگ سے زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے طبی سامان اور 50 ڈاکٹروں کی ٹیم فوری طور پر ارسال کر کے فلسطینیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔